-
کراچی (رپورٹ:عابد حسین) اسکاٹ اربوم نے باضابطہ طور پر امریکی قونصل خانہ کراچی میں قونصل جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، جس سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان جاری سفارتی تعلقات کو مزید تقویت ملیگی۔
اسکاٹ اربم وسیع تر تجربہ کے ساتھ نئی ذمہ داری سرانجام دینے آئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز میں بطور آفیس ڈائریکٹرخدمات انجام دی ہیں، جو کہ خطے میں مختلف ممالک کے ساتھ امریکا کے باہمی تعلقات سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے دفتر برائے کورین امور میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور تائیوان میں امریکی انسٹی ٹیوٹ میں ڈپٹی پولیٹیکل چیف کی ذمہ داریاں ادا کیں، جبکہ دفتر برائے کورین امور میں ڈی پی آر کے یونٹ چیف بھی رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ چین کے بیجنگ، بارباڈوس کے برج ٹاؤن اور یوکرائین کے کیف میں بھی غیرملکی عہدہ دار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسکاٹ اربومنے فارین سروس میں قدم رکھنے سے قبل قازقستان میں بطور امن رضاکار انگریزی کی تعلیم دیتے ہوئے بین الاقوامی تعلیم میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جارج ٹاؤن کے اسکول آف فارین سروس میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہاورڈ یونیورسٹی اور نیشنل وار کالیج سے ماسٹرس کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ان کی اہلیہ سونیا اس وقت پیشے سے استاد اور سابقہ امریکی سفارتکار ہیں، جبکہ ان کی دو بیٹیاں کالیج میں زیر تعلیم ہیں۔
اسکاٹ اربوم نے قونصل جنرل کے عہدے کا آغاز امریکہ اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر کیا، جس کا مقصد امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے اقتصادی سرمایہ کاری میں اضافے، تجارتی تعاون اورفریم ورک برائے سبز اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد فراہم کرنے اور امریکہ اور پاکستان کے شہریوں کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔