کراچی۔۔۔ 22 اپریل 2024
صوبائی وزیر توانائی ترقیات و منصوبابندی سید ناصر ھسین نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چندصارفین کی وجہ سے دیگر گھروں کی بجلی منقطع کرنا پاپبندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والے صارفین کے ساتھ زیادتی ہے۔ حکومت اس سلسلے میں جلد ایکشن لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے اپنےخطاب میں کیا۔ وزیر توانائی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو زائد بلنگ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بلاوجہ بجلی کاٹنے جیسی صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات پر حکومت کو تشویش ہے جس کے تدارک اور چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ توانائی سندھ حکمت عملی تیار کررہا ہے تاکہ صارفین کی شکایات کو دور کیا جاسکے اور اس حوالے سے جلد ہی ایکشن لیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ اپنے خطاب میں مزید کہا کہ متبادل توانائی وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ سندھ میں متبادل توانائی کے ذرائع لامحدود ہیں۔ محکمہ توانائی سندھ ان قدرتی متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کرنے کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ صوبے کے ہر گھر کو روشن کیا جائے اور انھیں سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے۔ اسی وژن کے تحت محکمہ توانائی سندھ صوبے کے انتہائی پسماندہ علاقوں کو پانچ لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کررہی ہے۔ اسکے علاوہ عالمی بنک کے تعاون سے بھی دو لاکھ گھرانوں کو سولرائیزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے۔ اسکے علاوہ چیئرمین کے منشور کے مطابق محکمہ ترقیات و منصوبابندی 20 لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تیزی سے اقدامات کررہا ہے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ متبادل توانائی کے منصوبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے صوبہ سندھ انتہائی زرخیز ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ چار بڑے سولر پارک کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن ترقی یافتہ صوبہ سندھ کے مطابق شاہراہیں ، اوور ہیڈ برجز، انڈر پاسز، سگنل فری، کاری ڈورز ، پانی و سیوریج کے نظام کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیئے گئے ہیں جبکہ صوبہ کی ترقی و عوام کی خوشحالی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کراچی میں پانی کی قلت اور اس حوالے سے لوگوں کی پریشانیوں و تکالیف دور کرنے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو نے سختی سے ہدایت کی ہے۔ وفاقی حکومت سے ملکر پانی کی قلت دور کرنے کیلئے کے۔فور پروجیکٹ پر بھی کام کررہے ہیں۔ وزیر تونائی نے کہا کہ مختلف حوالوں سے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو نے نوٹس لیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اس سلسلے میں خصوصی ہدایات دی ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ سولر انرجی کے حوالے سے ملک گروپ آف کمپنیز کے اقدامات و تجاویز کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ صدر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق صوبہ سندھ کے ہر گھر کو روشن کرنے کیلئے محکمہ توانائی اور سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات میں مصروف ہے۔ نئی سڑکیں، شاہراہوں کا جال ، فلائی اوورز، اندرپاسز وغیرہ اسکی جیتی جاگتی مثالیں ہیں۔ تقریب سے چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان، طارق وزیر علی چیئرمین مائی انرجی کمپنی اور سی او او مائی انرجی محمد ندیم مرزا ، وائس پریزیڈنٹ سنی سن ٹیکنالوجی کمپنی کے علاوہ دیگر بھی خطاب کیا۔