کراچی(پاک نیوز24) بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے بچوں کی صحت اور اموات کی روک تھام کے لیے آغا خان یونیورسٹی کے طبی ماہرین کی ٹیم نے پیر کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے ملاقات کی۔ آغا خان یونیورسٹی کے طبی ماہرین کی ٹیم چیمپس ( Child health and mortality prevention surveillance.CHAMPS)کے نمائندے ڈاکٹر عبدالمومن قاضی ،ڈائریکٹر ہیلتھ حکومت سندھ ثاقب شیخ نے کمشنرکراچی کو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت نے کمشنر کو بتا یا کہ آغا خان یونیورسٹی بچوں کی صحت کو بہتر بنانے اور ا ن کی اموات کی روک تھام کے سلسلہ میں بچوں کی طبی نگہداشت کو بہتر بنانے کے لیے کراچی میں اسٹڈی کر رہی ہے ۔مذکورہ ٹیم کراچی کے دو اضلاع کورنگی اور ملیر میں بچوں کی طبی نگہداشت اور ان کی صحت کے مسائل کے حوالے سے جائزہ لے گی تاکہ اس تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں اقدامات کیے جا سکیں۔کمشنر نے کہا کہ کراچی انتظامیہ بچوں میں اموات روکنے کے لیے طبی نگہداشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کو بار آور کر نے کے لیے کی جانے والی اسٹڈی میں ٹیم کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی ۔ وفد نے بتایا کہ چیمپسCHAMPS کی ٹیم دونوں اضلاع میں بچوں کی صحت بہتر بنانے کے مراکز قائم کرے گی۔ جہاں بچوں کی تمام ضروری ویکسینشن کی جائے گی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے ان کی صحت کی تشخیص کی جاے گی اور بھرپور نگہداشت اور طبی سہولتیں فراہم کرے گی۔