کراچی (پاک نیوز24) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمہ کی مہم جاری رہے گی۔ کارروائی کے باوجو د دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی روک تھام کی جائے گی اور اس سلسلہ میں موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ وہ ہفتہ کو اپنے دفتر میں ویڈیو لنک پر تمام ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر۔II سید غضنفر علی شاہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس نے اس سلسلہ میں مختلف اقداما ت پر غور کیا ۔فیصلہ کیا گیا کہ ددوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلارعایت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یقینی بنایا جائے گا کہ جن سڑکوں سے تجاوزات ہٹا کر وہاں ٹریفک کا دباؤ کم کیا گیا ہے وہاں ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور دوبارہ وہا ں تجاوزات قائم نہ ہو ں۔اجلاس نے اس سلسلہ میں متبادل اقدامات کے بارے میں مختلف تجاویز پر بھی غور کیا ۔ڈپٹی کمشنر جنوبی الطاف ساریو نے بتایا کہ انہوں نے ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی دس سڑکوں پر تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق مختلف علاقوں سے تجاوزات ہٹائی گئیں۔گلشن اقبال کی مختلف گلیوں میں شہریوں کی جانب سے قائم کی جانے والی رکاوٹوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ان رکاٹوں کو ہٹانے کے لئے مختلف شہریوں نے توجہ دلائی دی تھی۔