کراچی(اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زسید امتیاز علی شاہ کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کے سلسلے میں صفائی ستھرائی اور چونے کے چھڑکاؤ کے انتظامات جاری ہیں جبکہ جلوس کے راستوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور نجی کمپنیز کے عہدیداران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے علماء، ڈپٹی کمشنرزاور منتخب نمائندوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں عوام کو شکایت کا موقع نہ دیا جائے۔
انہوں نے انتظامات کے حوالے سے مزید کہا کہ متعلقہ افسران اور نجی کمپنیز کے عہدیداران تمام مساجد و امام بارگاہ کے اطراف اور جلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی و چونے کے چھڑکاؤ کا کام جلد مکمل کریں۔
مزید براں جلوس کے راستوں پر سینیٹری عملہ مسلسل صفائی کے لئے تعینات رہے گاجبکہ عوام کی سہولت کے لئے جلوس کے راستوں پر کیمپ لگائے جائیں گے۔
دریں اثناء شکایتی مراکز کو فعال رکھنے اور عوامی شکایات بروقت متعلقہ افسران تک پہچانے کاعمل بھی جاری رہے گا۔ شہریوں کی شکایات اور انکے ازالے کے لئے شکایت 1128 اور واٹس ایپ نمبر۔03181030851 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔