عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ سول سوسائٹی باہم متحد ہو کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ بیرسٹر نسیم احمد باجوہ کی پاکستانی سول سوسائٹی کو فعال کرنے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جنہوں نے قومی مجلس مشاورت کے زیراہتمام پنو راما سینٹر1 صدر میں”سیاسی اور معاشی نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں سول سوسائٹی کا کردار“ کے عنوان سے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عافیہ موومنٹ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کے نزدیک ایک عام پاکستانی شہری کی کوئی قدر و منزلت نہیں ہے۔ جس کے باعث ہمارا معاشرہ دو طبقوں میں بٹا ہوا نظر آتا ہے۔ ایک طرف بنیادی انسانی حقوق سے محروم عوام ہیں تو دوسری طرف مراعات یافتہ طبقہ ہے۔جو طبقہ اشرافیہ کے نام سے معروف ہے۔اس طبقہ نے نے بنیادی انسانی حقوق سے محروم عوام کو عملی طور پر تماشبین بنا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو قومی نوعیت کے معاملات سے لاتعلق بنا کر فکر معاش میں الجھا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریاست اور عوام کے درمیان رشتہ کمزور ہوتا جارہا ہے جوکہ کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ریاست اور اس کے اداروں کو ایک عام پاکستانی شہری کی قدر امریکہ اور یورپی ممالک کی طرح کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جرم بے گناہی کی پاداش میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ 21 سالوں سے امریکہ کی قیدمیں ہے ۔ اب حقوق انسانی کے علمبردار ایک برطانوی نژاد امریکی وکیل کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرانے کے لیے حکومت پاکستان اور سول سوسائٹی سے مدد کے طلبگار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، ریاستی ادارے اور سول سوسائٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں تو کلائیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ 2024ءڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا سال بن سکتا ہے۔