کراچی (پاک نیوز24)سیلانی ویلفیئرانٹرنیشنل ٹرسٹ نے ملیر میں امام اہلسنت امام احمد رضا خان بریلوی ؒسے منسوب جدید یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ،یہاں جدید سائنس سے متعلق علوم سکھائے جائیں گے اور نوجوانوں کو سائنس دان بننے میں مدد دی جائے گی۔بانی و چیئر مین سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ مولانا بشیر فاروق قادری نے ابتدائی دستاویز پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی۔اس موقع پر سیلانی کے سی ای او مدنی رضا اور ابو فیصل بھی موجود تھے۔مولانا بشیر فاروق قادری نے امام احمد رضاؒ کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام احمد رضا خان ؒبیک وقت اسلامک اسکالر ،ماہر فلکیات اور سائنسدان کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ان پرکئی عنوانات اور کئی زبانوں میں پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جاچکے ہیں اور لکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو نیورسٹی میں جدید سائنسی و تکنیکی علوم کی تعلیم دی جائیگی ۔ نوجوانوں کو سائنس دان بنائیں گے ،انہیں جدید سائنس اور ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرکے اس قابل کریں گے کہ وہ دنیا کی قیادت کر سکیں ،ہمارے نوجوان اب اس قابل ہونگے کہ وہ بھی نئی ایجادات کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام احمد رضا یونیورسٹی کراچی کے علاقے ملیر میں 10 ایکڑ زمین پر قائم کی جارہی ہے۔ اگلے سال 2025 سے شہر کے مختلف مقامات پرداخلوں کا آغاز کر کے ابتدائی سالوں کی تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کردیا جائیگا ۔یہ چار کیمپس کورنگی،نزد ملیرکورٹ ،پاپوش نگر اور محمد علی سوسائٹی میں قائم کیے جائیں گے۔اس موقع پر معروف اسکالر ڈاکٹر فیصل آفریدی اور ماہر اسپیس سائنسز پروفیسر ڈاکٹر راشد کمال انصاری نے کہا کہ یہ جامعہ نوجوانوں کو سائنسی علوم کے ذریعے اللہ کے قریب کرے گی۔