سیلانی کے مشن میں ادنی ٰ سی کوشش پر فخر ہے،ایسے پارٹنرز کی تلاش رہتی ہے ،صدر ،سی ای او فیصل بینک
کراچی( پ ر )سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی روزگار اسکیم کے تحت فیصل بینک کے تعاون سے کئی درخواست گزار بے روزگار افراد کو ذاتی رکشوں کا مالک بنادیا گیا۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق نے کہا ہے کہ سیلانی کے تحت گزشتہ 20 سال سے جاب بینک کے ذریعے بے روزگار افراد کو مختلف اداروں میں ملازمتیں دلائی جارہی ہیں،اس کے علاوہ بے روزگار افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے انہیں کم قیمت پر بلاسود قرضے کی بنیاد پر آسان اقساط کی بنیاد پر رکشے بھی فراہم کیے جاتے ہیں، رکشوں کی فراہمی کا سلسلہ گزشتہ 15 سال سے جاری ہے۔انہوں نے اس اسکیم میں تعاون کرنے پر فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق رکشے تقسیم کرنے کی تقریب فیصل بینک ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔تقریب سے بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے بھی خطاب کیا۔مولانا بشیر فاروق نے مزید کہا کہ سیلانی کی پہلے روز سے کوشش رہی ہے کہ لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے، ابتدائی سے اعلیٰ سطح تک جدید تعلیم دلائی جائے،کم تعلیم یافتہ افراد کو کوئی نہ کوئی ہنر سکھایا جائے،آئی ٹی ایکسپورٹس کے ذریعے ملک میں ڈالر لائے جائیں ۔انہوں نے ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور مزید ایک کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے جانے والے ہیں۔انہوں نے بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اب دیگر بینک بھی اس کار خیر میں شریک ہوں گے ۔فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا کہ یہ ہمارے بینک کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم سیلانی کے بہت بڑے مشن میں کچھ نہ کچھ حصہ لے رہے ہیں ۔سیلانی کے ساتھ اس ادنیٰ کوشش پر ہمیں ٖفخر ہے۔مولانا بشیر فاروق نے جو کام شروع کیا ہے وہ اگلی نسل کے لیے بہت کارآمد ثابت ہوگا۔سیلانی کی دور اندیش پالیسی سے نہ صرف فوری مدد کے کام ہورہے ہیں بلکہ دیرپا ترقی کے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔بینک کو ایسے پارٹنرز کی تلاش رہتی ہے جو نیک نیتی کے ساتھ کمیونٹی کی خدمت کررہے ہیں اور سیلانی ان میں سے نمبر ون ہے۔ انہوں نے سیلانی کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے آر او پلانٹس کے تحت ایک پلانٹ فیصل بینک کی جانب سے نصب کرنے کا اعلان بھی کیا۔بینک کے ہیڈ آف آپریشنز سید فراز زیدی نے اس موقع پر رکشوں کے مالکان کو ایک سال کے لیے تکافل اسکیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ رکشہ مالکان اطمینان کے ساتھ روزگار کمانے کی فکر کریں۔تقریب میں بینک کے ہیڈ آف آپریشنز سید فراز زیدی ،سیلانی ٹرسٹ کے مشیران افضل چامڑیہ ،امجد چامڑیہ ،سی اواو سیلانی محمد غزال ،ٹرسٹی سید ابو فیصل کے علاوہ بینک کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔نظامت کے فرائض فرح عاصم نے انجام دیے۔