کراچی (عابد حسین)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، سید امتیاز علی شاہ نے ضلع وسطی میں کام کرنے والی نجی کمپنی کے عہدیداران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ نجی کمپنی معاہدے کے مطابق ضلع وسطی کے لئے ٹیکنیکل، تجربہ کار عملہ، سینیٹری ورکزاور مشینری کی کمی جلد پوری کرے
انہوں نے کہا کہ ٹرے کمپیکٹر کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لائیں اور پی سی ٹی ایس کو مناسب جگہ پراستعمال کریں انہوں نے مزید کہا کہ ہاتھ گاڑی کی تعداد میں اضافہ یقینی بنائیں اور گندی گلیاں صاف کرنے پر تعینات کریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ضلع وسطی کے مکینوں کوفوری ریلیف فراہم کرنا،شہر مکمل صاف اور کچرا کنڈیوں کافوری خاتمہ ہے۔معاہدے کے مطابق کمپنی نے 200 سوشل موبائلزرکوچھ مہینے کے لئے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے تقرری کرنا ہے۔شہریوں کی کچرے سے متعلق شکایات کا ازالہ اسی وقت ممکن ہے جب کمپنی معاہدے کے مطابق ہر گھر سے کچرا اٹھائے گی اور آگاہی فراہم کرے گی۔کمپنی نے بتایا کہ انہوں نے 70 فیصد ڈسٹ بن علاقوں میں رکھ دئیے ہیں جبکہ مشینری کے لئے آرڈر مکمل ہوگیا ہے چالیس دن میں کراچی پہنچے گی۔
اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ مثبت نتائج کے لئے کمپنی علاقہ وائز لائحہ عمل مرتب دیں۔ تجربہ کار عملہ کی بھرتی کے بعد ان کی ٹریننگ لازمی جز ہے۔ شہریوں کو جلد ازجلد ریلیف فراہم نہیں کیا گیا تو کمپنی کو شوکاز نوٹس اور جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، ڈائریکٹرایم اینڈ ای صابر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورنمنٹ آفتاب احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر وسطی عادل ہاشمی اور نجی کمپنی کے عہدیداران موجود تھے۔