کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور رکن قومی اسمبلی کرنل اسد عالم نیازی نے کہا ہے کہ ہم اس ملک سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے اور انشاء اللہ اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی شہادت پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا منشور دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہے اور ہم اس کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں غیر قانونی طور مقیم افغانی باشندوں کو ملک بدر کیا جارہا ہے اور اس سلسلے کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز میر علی میں چوکی پر بارودی گاڑی ٹکرانے سے شہداء میں سے کراچی کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی رہائش گاہ پر ان کے والد، بھائی اور دیگر اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین چنیسر ٹائون فرحان غنی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر استاد مسرور احسن، جنرل سیکرٹری دل محمد، انفارمیشن سیکرٹری شہزاد مجید و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وقار مہدی و دیگر نے شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کے والد اور بھائی سے ان کے بیٹے اور بھائی کی شہادت پر تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید وقار مہدی نے کہا کہ میر علی چوکی پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کے دوران ہمارے ایک جوان نے چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ وقار مہدی نے کہا کہ اب تک ہمارے 70 ہزار فوجی اور سولین اس دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا بھی یہی وژن ہے کہ اس ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کا قلعہ قمع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی فیملی کو ہمت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سید کاشف علی جیسے دھرتی کے لالوں پر فخر ہے کہونکہ ہمارے یہ جوان اپنی جانوں نے نذارنے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ہیں اور شہید سید کاشف علی نے بھی اپنے وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کردی۔ میں تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی نے کہا کہ میر علی کے مقام پر یہ واقعہ پیش آیا جہاں ہمارے جوانوں نے اپنی جان قربان کردی اور اس ملک کی عزت پر آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم شہداء کے ساتھ ایک ایک انچ حفاظت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فوج نے ہمیشہ دلیری سے دشمن کے ہر اٹیک کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اگر تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو پاکستانی فوج سے زیادہ بہادری مقابلہ کسی اور ملک کی فوج نہیں کرسکتی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے سانس لیں گے۔ سید وقار مہدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر خارجہ نے جو رپورٹ پیش کی ہے اس سے ثابت ہے کہ ان دہشتگردوں کے افغانستان میں کیمپ قائم ہیں اور وہاں سے یہ واقعات ہورہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو بھی افغانی غیر قانونی طور پر کراچی سمیت ملک بھر میں موجود ہیں، ان کو پاکستان سے واپس بھیجا جارہا ہے۔