کراچی(نیوز ڈیسک): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس ساؤتھ زون نے پاکستان کا 77واں جشن آزادی بڑے ملی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں ساؤتھ ریجن کے تمام دفاتر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب کا انعقاد زونل آفس کراچی میں ہوا، جس میں موٹروے پولیس کے سینئر افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس میں موٹروے پولیس کے چاق و چوبند افسران و ملازمان نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔
جشن آزادی کے موقع پر ریجنل کمانڈر ایڈیشنل آئی جی منیر احمد شیخ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا، “پاکستان کی حفاظت و سلامتی کے لئے موٹروے پولیس ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہ ملک ہم پر اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے۔”
تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔