کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کے احکامات پر واٹر کارپوریشن حکام نے عملدرآمد کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی متعدد شکایتوں کا ازالہ کرلیا،
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن کے حکام نے ملیر، لانڈھی، گلستان جوہر، لیاری، ناظم آباد، ماڈل کالونی، ماڈل زون، شاہ فیصل، لیاقت آباد، جمشید ٹاؤن، گڈاپ، سرجانی اور منگھو پیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے مین ہولز پر رنگ سلیب، کورز رکھ کر اور مختلف لائنوں کی ونچنگ کرکے سیوریج کے اوور فلو کا خاتمہ کر دیا اس کے علاؤہ حالیہ بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کی مین لائنیں دھنس گئیں ہیں اس ضمن میں چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو نے بتایا کہ ڈی 12 بلاک آئی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں 24 انچ، سخی حسن نارتھ ناظم آباد 24 انچ، ناظم آباد انڈر پاس 36 انچ لیاقت آباد ٹاؤن 48 انچ، گلستان جوہر بلاک 14 میں 15 انچ اور گلستان جوہر بلاک 19 میں 36 انچ کی سیوریج لائنیں دھنس گئیں ہیں جن کا مرمتی کام کل سے شروع کیا جائے گا انکا کہنا تھا کہ میئر کراچی اور سی ای او واٹر کارپوریشن کی خصوصی ہدایت پر دھنسنے والی سیوریج کی لائنوں کا مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔