کراچی ( نومبر28)
گورنر سندھ / چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف ہمت اور عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔لگن اور ہمت کریں تو وسائل ہو یا نہ ہوں کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاﺅ یونیورسٹی کے 14ویں تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے کامیاب طلباءمیں اسناد بھی تقسیم کیں۔ گورنر/ چانسلر کامران خان ٹیسوری نے طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی زندگی کا یاد گاد ترین آج کا دن ہے یہ دن آپ سب اپنے والدین اور اساتذہ کے نام کردیں،آج سے آپ کا عملی زندگی کا سفر شروع ہونے جارہا ہے، آج اپنے والدین سے وعدہ کریں کہ آپ ان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کے بہت سارے مسائل ہیں اور معیشت کے مسائل کا حل آپ سب نے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا اس کی زندگی پر غور کریں، ارشد ندیم کا والد ایک مستری تھا مگر اس نے ہمت نہیں ہاری اور ڈبوں میں سیمنٹ بھر بھر کے پریکٹس کی۔ آج اس نے اپنی محنت سے وہ کر دیکھایا جو کرنا اتنا آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے بتا یا کہ اسٹیٹ بینک آف سعودیہ عربیہ کا پہلا گورنر پاکستانی تھا، پی آئی اے نے ایمریٹس ایئر لائن کا نظام بنانے میں بھر پور مدد کی اور ان کے فلائٹ آپریشن کا آغاز دبئی سے کراچی فلائٹ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ طالب علمی کے بعد اب آپ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پاکستان کے معاشی و معاشرتی مسائل کا حل آپ نوجوان نکالیں گے۔ چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ طلبہ و طالبات پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں،آپ نے مسائل کے سامنے ہمت نہیں ہارنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے باہر جانا آسان ہے اس ملک میں رہ کر اپنے لیے راستہ بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس میں 50 ہزاروں بچے آئی ٹی کے مفت کورسز کررہے ہیں کیونکہ اس وقت دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے جانب گامزن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسٹاک ایکسچینج گیا تھا، 100 انڈیکس ایک لاکھ روپے سے تجاوز کرگیاہے یہ چیز بتاتی ہے کہ پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ، روس، سعودیہ سمیت دیگر ممالک ہمیں سپورٹ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے
۔