کراچی (پاک نیوز 24)بحری حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لیے ہر سال میری ٹائم کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن اقوامِ عالم پر زور دیتا ہے کہ وہ متحد ہو کر پائیدار میری ٹائم اُصولوں کے نفاذ کے لیے سر گرمِ عمل ہوں۔ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے اس سال کے عالمی میری ٹائم دن کا موضوع ”مستقبل کی جہاز رانی: حفاظت سب سے پہلے“ (Navigating the Future: Safety First) منتخب کیا ہے جو 26 ستمبرکو منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع متذکرہ بالا شعبے میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کی کاوشوں اور قوانین کی تشکیل کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کا عکاس ہے جو تیزی کے ساتھ ہونے والی تکنیکی تبدیلیوں اور ایجادات سے ہم آہنگ ہے۔ یہ سال اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ سمندرمیں انسانی جانوں کی حفاظت کے کنونشن (SOLAS 1974) جو میری ٹائم حفاظت کے قوانین کے سلسلے میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کاایک اہم معاہدہ ہے اس کے نفاذ کو پچاس سال مکمل ہو رہے ہیں ۔چونکہ حجم کے لحاظ سے بحری نقل و حمل عالمی تجارت کی 90 فیصد تک بڑھ چکی ہے اس لیے پائیداراور ماحول دوست اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ، بے خطر اور کارگرعالمی جہاز رانی لازم بن چکی ہے۔پس یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ بحری جہازوں کی حفاظت اور گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں کمی کو ایک ساتھ یقینی بنایا جانا نہایت ضروری ہے۔ دیر پا اور مفید میری ٹائم صنعت کے حصول کے لیے یہ دونوں اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس سال کے موضوع کا اقوام متحدہ کے ایجنڈا برائے پائیدار ترقی 2030 سے گہرا تعلق ہے اور پائیدار ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے مقاصد سے منسلک ہے۔ ان مقاصدکے حصول کے لیے ہمیں دور حاضر کی مشین سازی اور ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہے جو جہاز رانی کی صنعت میں انقلاب برپا کر رہی ہے۔ یہ ہمیں حفاظت اور کارکردگی بہتر بنانے، ماحولیاتی اثر کم کرنے اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی طرف توجہ مبذول کراتا ہے۔ ایسے اقدامات جہاز رانی کی صنعت میں جدت اور مقابلہ کی فضاء میں اضافہ کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں اس سے مؤثر طریقے سے جہازوں کے ڈیزائن، تعمیر اور چلانے کے علاوہ زیادہ مال برداری کے ساتھ ساتھ لاگت میں کمی اور خریداروں کے اطمینان میں اضافے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ اس سال کے موضوع میں ” حفاظت” پر زور دیا گیا ہے جو کہ پاکستان نیوی کے آپریشنز اور لائحہ عمل کا جزو لازم ہے اور اُن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نہایت اہم ہے کہ حفاظتی اقدامات کا مسلسل جائزہ لیا جاتار ہے تاکہ پیدا ہونے والے کسی بھی خلا کوبروقت پُر کیا جاسکے۔ پاکستان نیوی ”حفاظت سب سے پہلے“کے اُصولوں کو یقینی بنانے کے لیے اپنے جہازوں اور زمینی یونٹس میں قطعی اقدامات کو یقینی بناتی ہے۔ میری ٹائم سیفٹی کے ضمن میں ہماری کاوشیں مروجہ اُصولوں پر من وعن عمل پیرا ہونے کے غیر متزل عزم او ر تاکید کا عملی مظہر ہیں۔ اس عالمی میری ٹائم دن کے موقع پر جیسا کہ ہم مشترکہ میری ٹائم کامیابیوں کا جائزہ لے رہے ہیں،ہمیں پائیدار اور ماحول دوست بحری قوانین کی جانب دنیا کی منتقلی سے اپنے قومی مفادات کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ میں تمام میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ ان بدلتے ہوئے رحجانات سے شنا سا ہوں۔میں میری ٹائم سیفٹی کو یقینی بنانے اور ماحولیاتی احکامات کی بالادستی کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ آج کے دن ہمیں میر ی ٹائم حفاظت کے اُصولوں پر کاربند رہنے کے اقرار کی تجدید کرنا ہے اور ” مستقبل کی جہاز رانی: حفاظت سب سے پہلے” کے مقاصد کے حصول کے لیے پختہ عہد کی تجدید کرنی ہے۔ ہم اس سلسلے میں عملی کارکردگی اور جذبوں میں کوئی کمی نہیں رہنے دیں گے۔ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے اجتماعی تعاون کا متمنی ہوں۔