کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ چین کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے تیز ترین ترقی یقینی ہے اس ضمن میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔
چین کے اشتراک سے جاری تمام منصوبوں کی تکمیل سے عصر حاضر کی جدت سے ہم آہنگ ترقی خطہ کی خوشحالی کے لئے اہم ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کیا۔
گورنر سندھ جب تقریب میں پہنچے تو چین کے قونصل جنرل Yang Yundongسمیت سفارتی عملہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس اہم موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مل کر جشن منانا دو طرفہ پائیدار تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب چینی قوم کی کامیابیوں کے جشن کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی اور تعاون کی بھی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ لازوال محبت اور باہمی احترام سے جڑی پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے بھی گہری ہے۔ میں اس اہم تقریب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چین و دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔
صوبہ کا بہترین ماحول، منافع بخش شعبے سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہیں ، ایس آئی ایف سی منصوبہ کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
دریں اثناءعوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے گورنر ہاؤس سے متصل پریس کلب چوک (فوار ہ چوک) پر پاک چین پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔
رات میں شاندار و دلکش نظارہ کے لئے چوک پر مختلف لائٹس آویزاں کی گئیں ساتھ ہی برقی قمقموں لگا کر اطراف کی لائٹس بھی روشن کردی گئیں ہیں۔ بہت ہی دلکش منظر میں پاک چین پرچم کی بہاروں نے ایک سماں باندھ دیا ہے۔
چین ہمارا دوست اور مشکل کا ساتھی ہے۔ پاک چین دوستی کی پوری دنیا میں نظیر نہیں مل سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج چین کی خوشی میں پوری قوم جشن منارہی ہے۔