کراچی ،اسلام آباد(پاک نیوز24) حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو بجلی کا نیا جھٹکا دینے کی تیاری کرلی، قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 5.45روپے مہنگی کرنے کیلئے بھی درخواست جمع کرا دی گئی۔ اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔سی پی پی اے کی جانب سے قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں طلب کیا گیا ہے۔ ایف سی اے کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی 31 جولائی کو سماعت کرے گی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کے الیکٹرک نے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5روپے 45پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کیلئے درخواست جمع کرادی ہے۔ کے لیکٹرک نے مئی اور جون کی مد میں اضافہ مانگا ہے، نیپرا درخواست پر30جولائی کو سماعت کرے گی۔