کراچی (رپورٹ:عابد حسین) پاکستان میں یوایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی مشن ڈائریکٹر سام وانگ سری نے کراچی کے دورے کے دوران سندھ میں انسانی زندگیوں کو بہتری اورمشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے صوبائی قیادت، سرکاری حکام اور یو ایس ایڈ کے ترقیاتی شراکت داروں سے ملاقاتیں کیں، تاکہ سندھ میں انسانی زندگیوں کو مزید بہتر کرنے اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے یو ایس ایڈ کی دیرینہ کاوشوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔ یو ایس ایڈ کا امریکہ پاکستان “سبز اتحاد” کے تحت موسمیاتی تبدیلی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری ہے، جبکہ آنے والی نسلوں کے لئے پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے بھی پاکستان کیساتھ مصروف عمل ہے۔
مشن ڈائریکٹر سام وانگ سری نے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے، جس کے دوران انہوں نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے یو ایس ایڈ کیجانب سے شراکت داری اور تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ جبکہ سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو سے ان کی ملاقات میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبہ میں جاری تعاون سمیت کووڈ -19 اور 2022ء کے سیلابوں میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے نمٹنے کیلئے کامیاب اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یو ایس ایڈ کی۔ جانب سے حکومت سندھ کیساتھ مختلف شعبہ جات میں شراکتداری دہائیوں پر محیط ہے، جن میں تعلیم، فراہمی و نکاسی آب، صفائی ستھرائی، صحت و غذائیت، صاف توانائی، غذائی تحفظ، معاشی ترقی اور موسمیات تبدیلیوں سے نمٹنا شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مشن کی ڈائریکٹر اور امریکی قونصل جنرل نے انڈیانا یونیورسٹی کے تعاون اور امریکی حکومت کے مالی اعانت سے کراچی میں قائم کردہ جناح پوسٹ گریجوئیٹ سنٹر(JPMC) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یو ایس ایڈ کی تعاون سے نومولود بچوں اور ماؤں کے دیکھ بھال کیلئے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
پاکستان میں یو ایس ایڈ مشن کی ڈائریکٹر نے یو ایس – پاکستان سنٹر فارایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر میں یو ایس ایڈ کی اسکالرشپ حاصل کرنے والی کامیاب گریجوئیٹس خواتیں سے ملاقات کی، یہ سنٹرمہران یونیورسٹی جام شورو میں یوٹاہ یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ سام وانگ سری کی ایک فرم کیساتھ نشست کا بھی اہتمام کیا گیا، جوکہ زرعی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے مصنوعی ذہانت سے استفادہ حاصل کرنے میں مصروف عمل ہے، جس کے ذریعے بوائی سے لیکر کاشت تک، فصل کے تمام مراحل میں کاشتکاروں کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ مشن کی ڈائریکٹر نے مقامی این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سے ملاقات میں مقامی آرگنائیزیشنز کیساتھ شراکتداری بڑھانے سے متعلق یو ایس ایڈ کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ انسانی حقوق، انصاف و معلومات تک رسائی، خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے جیسے اہم معاملات پر ان کا نقطہ نظر سمجھنے کیلئے گفت و شنید کی۔