کراچی(9 جنوری 2025)
آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ نے ساؤتھ زون کراچی کا دورہ کیا تاکہ جاری آپریشنز کا جائزہ لیا جا سکے اور مزید حکمت عملی طے کی جا سکے۔
زونل آفس پہنچنے پر ایڈیشنل آئی جی منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی اصغر علی یوسفزئی نے آئی جی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر موٹروے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی جی موٹروے پولیس نے زونل آفس میں ایک اعلیٰ سطحی آپریشنل میٹنگ کی قیادت کی، جس میں انہوں نے ہدایات دیں کہ قومی شاہرات اور موٹرویز پر ٹریفک قوانین کے نفاذ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ میٹنگ میں ۔ْ۔انہوں نے درج ذیل اہم نکات پر زور دیا۔
موٹرویز اور ہائی ویز پر فاسٹ لین کی خلاف ورزی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، اوورلوڈڈ گاڑیوں کو قومی شاہرات پر کسی صورت چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اوورلوڈڈ گاڑیوں کو موٹرویز اور ہائی ویز پر داخل ہونے سے روکا جائے گا، اور اوورلوڈنگ کرنے والی کمپنیوں اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، قومی شاہرات کی حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، روڈ یوزرز کو سہولت فراہم کرنا موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہوگی، موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مثبت اثر فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔
میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی اصغر علی یوسفزئی نے ساؤتھ زون سے متعلق ایک تفصیلی بریفنگ دی۔اپنے دورے کے اختتام پر، آئی جی موٹروے پولیس نے زونل آفس کے احاطے میں ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔