کراچی:۔بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی طالبِ علموں کے لیے ماہانہ اسکالرشپ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کو50ہزار روپے سے بڑھا کر70ہزار روپے جبکہ ایم فل اسکالرشپ کو20ہزار روپے سے بڑھا کر30ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ کی زیرِ صدارت منعقدہ فیکلٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو منگل کے روز آئی سی سی بی ایس سیمینار روم میں منعقد ہوا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے اعلیٰ تعلیمی ڈگری پروگرام کے تحت آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی نے تعلیمی سال2025کے لیے اپنے بین الاقوامی شہرت یافتہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس ملک کے ان چند اداروں میں شامل ہے جو اپنے تمام ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرتے ہیں، نئی پالیسی کے مطابق اب ایم فل طالبِ علموں کو ماہانہ30ہزار روپے جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کو70ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ادارے کی طالبِ علم دوست پالیسیاں اور جدید تحقیقی سہولیات اعلیٰ تعلیم کے طلبہ کو معیاری تحقیق کی جانب راغب کریں گی۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ داخلوں میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار ایڈمیشن پراسپیکٹس اور فیس واؤچر جامعہ کراچی اورآئی سی سی بی ایس کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بینک الفلاح کی کسی بھی شاخ میں ناقابلِ واپسی پراسیسنگ فیس8ہزار روپے جمع کروائیں جبکہ درخواست فارم اوردرکار تعلیمی اسناد کی فوٹو کاپیوں اور8ہزار روپے کی ادا شدہ فیس واؤچر کے ساتھ23جون سے7جولائی2025کے دوران آئی سی سی بی ایس کے اکیڈمک کوآرڈینیشن آفس میں جمع کروائیں۔ کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت اُمیدوار نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، اطلاقی کیمیا، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن بشمول مالیکیولر اینڈ سیلولر حیاتیات، مالیکیولر جینیٹکس، مالیکیولر فارماکولوجی، نیرو فارماکولوجی، پیتھو فزیولوجی، کمپیوٹیشنل ڈرگ ڈسکوری، اسٹرکچرل بائیو لوجی، اسٹیم سیل ریسرچ اور مالیکیولر پیتھولوجی جیسے اہم شعبہ جات میں داخلہ لینے کے مجاز ہوں گے۔