کراچی (ڈیسک رپورٹ) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کراچی پولیس آفس میں منعقد ہوا ہے جس میں لیاری ایکسپریس وے، موٹروے ایم-9، نادرن بائی پاس و دیگر سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ ریجن، ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن، ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ زون اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ نے سیکورٹی و دیگر اہم امور کے حوالے سے اجلاس میں تفصیلی بریفننگ بھی دی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں ان اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی، سیکیورٹی انتظامات، حادثات کی روک تھام، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال اور کرائم کنٹرول سمیت دیگر انتظامی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی بہتر روانی اور جرائم کے مکمل سدباب کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے اور اس پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس اور موٹروے پولیس حکام کے درمیان قریبی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔