کراچی(یکم جنوری 2026)عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی ہدایت پر پورے زون میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ۔ اس مہم کے تحت بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چالان جاری کیے جا رہے ہیں، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، اور موٹر سائیکل پر سوار تمام افراد کے لیے ہیلمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں، موٹر سائیکل پر دو سے زائد افراد سوار ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ موٹروے پولیس عوام سے گزارش کرتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور مسافروں کی بروقت اور محفوظ منزل تک رسائی موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔





