بنگلہ دیش7 سے 10 اپریل کے دورا ن انویسٹمنٹ سمٹ کی میزبانی کرے گا
ڈھاکہ میں بنگلہ دیش انویسٹمنٹ سمٹ 2025 کے حوالے سے بریفنگ سیشن ، پاکستان سے 65 کاروباری افراد نے شرکت کی
بنگلہ دیش پورے ملک میں 100 خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے،ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب العالم
کراچی(پ ر )بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن کراچی نے 19 مارچ 2025 کو چانسری میں بنگلہ دیش انویسٹمنٹ سمٹ 2025 کے حوالے سے بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ سمٹ 7 سے 10 اپریل 2025 کے دوران ڈھاکہ میں منعقد ہوگی۔ بریفنگ سیشن میں پاکستان بھر سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 65 کاروباری افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب العالم نے اجلاس میں بتایا کہ بنگلہ دیش 7 سے 10 اپریل 2025 کے دوران ڈھاکہ میں “بنگلہ دیش انویسٹمنٹ سمٹ 2025 کی میزبانی کرے گا، جس کا انعقاد بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (BIDA) کرے گی۔ یہ سمٹ بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کرے گی اور عالمی رہنماؤں، سینکڑوں صنعتکاروں اور صنعتی ماہرین کے ساتھ رابطے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس سمٹ میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس، صحت و فارماسیوٹیکل، ڈیجیٹل معیشت، قابل تجدید توانائی، زرعی پراسیسنگ، اسٹارٹ اپ کنیکٹ اور دیگر شعبے زیر غور آئیں گے۔ڈپٹی ہائی کمشنر نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش پورے ملک میں 100 خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ پالیسیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔ بنگلہ دیش کے موثر مواصلاتی نظام، سستی بجلی، کم پیداواری لاگت، اعلیٰ معیار اور ایک ہی جگہ تمام سہولیات فراہم کرنے کی خصوصیات غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ مند اور مسابقتی ماحول فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری افراد کو بنگلہ دیش انویسٹمنٹ سمٹ 2025 میں شرکت، بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری اور بنگلہ دیشی مصنوعات کی درآمد کی دعوت دی۔ڈپٹی ہائی کمشنر نے یہ بھی ذکر کیا کہ سمٹ کے دوران دلچسپی رکھنے والے کاروباری افراد چند اقتصادی زونز کا دورہ بھی کر سکیں گے، جیسے کورین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون انوارہ، چٹاگانگ؛ نیشنل اسپیشل اکنامک زون میرسرائی، چٹاگانگ؛ اور بنگلہ دیش اسپیشل اکنامک زون آراہیزار، نارائن گنج۔ اس دوران مختلف شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے B2B اور B2G مواقع پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نیٹ ورکنگ سیشنز کا انعقاد بھی ہوگا۔ بریفنگ سیشن میں بنگلہ دیش مشن کراچی نے شرکت کے خواہشمند کاروباری اداروں یا افراد کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے عمل کی وضاحت بھی کی۔بریفنگ سیشن کے شرکاء بنگلہ دیش انویسٹمنٹ سمٹ 2025 کے بارے میں جان کر نہایت متاثر ہوئے اور سمٹ میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ کراچی میں بنگلہ دیش مشن اور کاروباری افراد نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان گہرے اور وسیع کاروباری و اقتصادی تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ مشن نے کاروباری افراد کو یقین دلایا کہ وہ ان کی شرکت کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، جس میں ویزا کی فوری اور ترجیحی پروسیسنگ بھی شامل ہے۔