اسلام آباد(بیورو رپورٹ)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ اس کیس سماعت کر رہا ہے ۔پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور اٹارنی جنرل منصورعثمان عدالت میں موجود ہیں۔عدالت میں اٹارنی جنرل منصور عثمان نے بتایا ہے کہ ریفرنس 15 صفحات پر مشتمل ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صدارتی ریفرنس میں صدر صاحب ہم سے کیا چاہتے ہیں؟چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ کون سے صدر نے یہ ریفرنس فائل کیا ہے؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آصف زرداری نے بطور صدر یہ ریفرنس بھجوایا تھا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آصف زرداری کے بعد کتنے صدر آئے؟اٹارنی جنرل منصور عثمان نے جواب دیا کہ آصف زرداری کے بعد 2 صدر آئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کسی صدر نے صدارتی ریفرنس واپس نہیں لیا تو یہ اب بھی عدالت کے اختیار میں ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی ریفرنس واپس لینے کی کوئی ہدایات نہیں۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ریفرنس میں کیا سوالات اٹھائے گئے ہیں؟وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ریفرنس سماعت کے لیے منظور ہوچکا تھا۔سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔