کراچی(17 مئی 2024) ممتاز مالیاتی ادارہ بینک اسلامی نے فری لانسرز اور آئی ٹی ایکسپورٹرز کے لیے اپنے خصوصی ترجیحی بینکنگ لاؤنج کو مفت ورک اسپیس کے طور پر کھولنے کا ااعلان کیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد فری لانسرز کو کام کرنے، دیگر امور اور نیٹ ورک کے لیے ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
بینک اسلامی کا ترجیحی لاؤنج جدید سہولیات سے آراستہ ہےجس میں فری لانسرز کو تیز رفتار انٹرنیٹ ، کافی/چائے سمیت ریفریشمنٹ، اور بینکنگ خدمات تک آسان رسائی جیسی خصوصیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی جس سے فری لانسرز اب ایک اچھے اور موثر ورک اسپیس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
تقریب میں بینک اسلامی، پی ایف ایل اے اور اسٹیٹ بینک کے معزز مہمانوں اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ جس میں جناب عاصم سلیم (گروپ ہیڈ – ڈسٹری بیوشن)، جناب سعود شاہد (ہیڈ – ٹریڈ فنانس)، جناب سمیل نعمان (ہیڈ – ویلتھ مینجمنٹ) بینک اسلامی سے سینئر مینجمنٹ کے افسران شامل تھے ۔ مزید برآں، جناب فہد شیخ (شریک بانی اور پی اے ایف ایل اے ،سی ٹی او) اور پاکستان کے سرگرم اور نمایاں فری لانسرز بھی موجود تھے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے، جوائنٹ ڈائریکٹر – ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ، محترمہ سندس شایان اور جناب عمران ملک نے مہمان خصوصی کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔
بینک اسلامی کے گروپ ہیڈ ڈسٹری بیوشن جناب عاصم سلیم نے اس شاندار اقدام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ہم پاکستان کی معیشت میں فری لانسرز اور آئی ٹی ایکسپورٹرز کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہمارے ترجیحی بینکنگ لاؤنجز فری لانسرز اور آئی ٹی ایکسپورٹرز کو ایک سازگار ورک اسپیس اور بینکنگ سروسز تک رسائی فراہم کرکے انہیں بااختیار بنائیں گئے
جناب سعود شاہد خان، ہیڈ آف ٹریڈ فنانس نے بینک اسلامی کی کارکردگی صلاحیتوں، ترقیوں اور کامیابیوں کے سفر کو بیان کرتے ہوے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے مطابق سنٹرلائزڈ فارن ریمیٹینس ٹیم اور دیگر خدمات کے ساتھ فری لانسرز اور آئی ٹی ایکسپورٹرز کو بینک اسلامی کی طرف سے تمام خصوصی سہولیات اور بینکنگ سلوشنز کو بھی جامع طور پر پیش کیاگیا ہے ۔
پی اے ایف ایل اے کے نمائندوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے معزز مہمانوں نے بھی بینک اسلامی کی اس مختصر مدت میں کاوشوں اور کامیابیوں کو سراہا اور مستقبل میں بینک اسلامی کی جانب سے ایسے مفید منصوبوں میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے دوران بینک اسلامی نے مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کیں اور فری لانسرز میں تحائف بھی تقسیم کیے۔