کراچی(ساٹاف رپورٹر) سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے تحت ملک کے بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ماس ووکیشنل ٹریننگ کورس کے نئے بیچ کے لیے داخلہ ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز بزنس مین اور کراؤن گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین فرحان حنیف تھے۔
ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے اُمیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچے پاکستانی بنیں۔ مایوسی کا شکار نہ ہوں۔ وطن عزیز سے بھاگنے کے بجائے حالات کا مقابلہ کریں۔سیلانی ماس آئی ٹی پروگرام کے فارغ التحصیل طلبہ اب ماہانہ لاکھوں روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی اسی لیے ہنر مندوں کو تیار کررہی ہے تاکہ وہ اپنا روزگار شروع کریں۔
انہوں نے فرحان حنیف کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہنر مندوں کے روزگار کے لیے موبائل ایپلیکیشن تیار ہے۔ پہلے مرحلے میں بحریہ ٹاؤن میں آن کال مکینک دستیاب ہونگے جنہیں الیکٹرک موٹر بائیکس فراہم کی جائیں گی۔۔
فرحان حنیف نے کہا کہ ان کی پوری زندگی جدوجہد میں گزری ہے اور آج وہ کامیاب بزنس مین ہیں اس لیے نوجوان تربیت کے بعد اپنا کاروبار شروع کریں۔ تقریب سے ٹرسٹ کے سی او او محمد غزال الیاس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ میں کامیاب نوجوانوں کو موبائل فون مرمت،موٹر سائیکل مکینک ،لیپ ٹاپ ٹیکنیشن ،سی سی ٹی وی کیمروں کی انسٹالیشن ،آر او پلانٹس کی مرمت و دیکھ بھال ،سولر پاور پلانٹس کی تنصیب اور ماڈرن اے سی ریفریجریشن کی مرمت اور انسٹالیشن کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔
ماس آئی ٹی کورسز کے ذریعے 2013 سے اب تک 75 ہزار سے زائد نوجوانوں کو کورسز کروائے جاچکے ہیں۔ جبکہ ووکیشنل ٹریننگ کورسز کے ذریعے 40 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے۔۔ٹیسٹ میں شرکت کے لیے وقت مقررہ سے قبل ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد ٹیسٹ دینے کے لیے قطاروں میں کھڑی تھی۔