کراچی: (اسٹاف رپورٹ) ترک بحریہ کا جہاز کنالیاڈا خیر سگالی دورے پر کراچی پہنچ گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے سمندر میں اور بعد ازاں کراچی بندرگاہ پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور ترک قونصل خانے کے سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران ترک بحری جہاز کے کمانڈنگ آفیسر پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ بحری نگرانی کی منصوبہ بندی اور دیگر پیشہ ورانہ موضوعات پر بات چیت بھی کی جائے گی۔ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ترک بحریہ کا وفد مزار قائد پر پھولوں کی چادر بھی پیش کرے گا۔
ترک بحریہ کے جہاز کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات اور پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے درمیان مضبوط تعاون کا مظہر ہے۔