25ستمبر2025ء (ہینڈآؤٹ) صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کے زیر صدارت پانچواں ہائی پاورڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری ایکسائز، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، کمانڈر اے این ایف سندھ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول ونگ، انٹیلیجنس بیورو، ایچ ای سی، کسٹم، پولیس، اسکول ایجوکیشن، سندھ فوڈ اتھارٹی کے نمائندگان و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ, نارکوٹکس کنٹرول، تعلیم، پولیس سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پچھلے ہائی پاورڈ مانیٹرنگ کمیٹی اجلاس کے نقاط کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، متعلقہ اداروں کے مشترکہ اقدامات کی بدولت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق خوف پھیلنا شروع ہوگیا ہے۔ مکیش کمار چاولہ نے منشیات کی روک تھام و خاتمے کے لیے نیٹ ورکنگ پر انٹیلیجنس بیورو کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کی مشکوک حرکات پر رینڈم ٹیسٹ کیے جائیں اور ٹیسٹ کیے جانے والے طلباء کی شناخت پوشیدہ رکھی جائیں جبکہ مزید بہتر نتائج کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان کا بھی مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے۔ انھوں نے سندھ فوڈ اتھارٹی کو مختلف انرجی ڈرنکز، تیار کھانے، تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں بھی رینڈم ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی۔ مکیش چاولہ نے کہا کہ ویپ کا استعمال صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے لہذا صوبے میں ویپ کی بندش کے لیے سندھ کابینہ کے لیے سمری تیار کی جائے، مزید یہ کہ صوبے میں پوست کی فصل کی بوائی سے قبل ہی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے طے شدہ نقاط پر تمام اداروں کو ایک ماہ میں اپنا فریم ورک مکمل کرکے محکمہ قانون کو تجاویز ارسال کرنے کی بھی ہدایت دی۔