جوزف کوٹس کاپوپ بننادنیا بھر کے مسیحیوں کیلئے تاریخی لمحہ ہوگا، سلیم مائیکل، پاکستان کا نام روشن ہوگا، شہبازنذیر سرویا
کراچی (پ ر)ممتاز مسیحی سماجی رہنما بشارت اٹھوال نے کہا ہے کہ کارڈینل جوزف کوٹس کی شخصیت پاکستان کی مسیحی برادری کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ان کا پوپ بننا پاکستان کے لیے عالمی سطح پر امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی نمائندگی کرے گا۔ یہ دنیا کو ایک واضح پیغام دے گا کہ پاکستان میں بین المذاہب قیادت پیدا ہوتی ہے جو عالمی سطح پر قیام امن کا کردار ادا کر سکتی ہے۔بشارت اٹھوال کا کہنا ہے کہ کارڈینل جوزف کے پوپ بننے سے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔بین المذاہب مکالمے کو عالمی سطح پر فروغ ملے گا۔پاکستانی مسیحی نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر نمائندگی کے دروازے کھلیں گے۔اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی سطح پر پاکستانی موقف کو پذیرائی حاصل ہوگی۔بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کا ایک پرامن اور معتدل چہرہ سامنے آئے گا۔ممتاز مسیحی کاروباری شخصیت اور کارڈینل جوزف کوٹس کے پروٹوکول افسر پرویز گل کا کہنا ہے کہ میں نے ذاتی طور پر کارڈینل کوٹس کی قیادت، عاجزی اور خدمت کا مشاہدہ کیا ہے۔ وہ نہایت دیانتدار، خدا ترس، اور بین الاقوامی سطح پر قابل احترام رہنما ہیں۔ ان کے پوپ بننے سے پاکستانی مسیحیوں کو دنیا بھر میں ایک نئی شناخت، اعتماد اور حوصلہ ملے گا۔”معروف قانون دان اور انسانی حقوق کے علمبردارایڈووکیٹ سلیم مائیکل نے کہا ہے کہ “اگر کارڈینل جوزف کوٹس پوپ منتخب ہو جاتے ہیں تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسیحیوں کے لیے تاریخی لمحہ ہوگا۔ ان کی قیادت میں عالمی سطح پر مذہبی اقلیتوں کے حقوق، خاص طور پر ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں، نمایاں پیشرفت دیکھنے کو ملے گی۔ ان کا ماضی گواہ ہے کہ وہ ہمیشہ کمزور طبقات کی آواز بنتے رہے ہیں۔معروف مسیحی سماجی رہنماشہباز نذیر سرویا کا کہنا ہے کہ کارڈینل کوٹس کا پوپ بننا نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے مسیحیوں کے لیے ایک انقلابی لمحہ ہوگا۔ ان کی تعلیم، خدمات اور امن کے پیغام نے ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دی ہے۔ ان کا انتخاب دنیا کو ایک نیا روحانی وژن دے سکتا ہے، جو محبت، انصاف اور برداشت پر مبنی ہوگا۔
“