کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمۂ سرمایہ حکومتِ سندھ کے ماتحت ادارے سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف) نے حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ (ایچ ایم بی ایل) کے ساتھ آج ادارہ جاتی تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں ایس ای ڈی ایف کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر(سی ای او) خضر پرویز اور ایچ ایم بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) خرم شہزاد خان نے اپنے دستخطوں سے اس شراکت داری کا باضابطہ معاہدہ کیا۔ تقریب میں دونوں اداروں کے نمائندہ افسران نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ شراکت داری زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری، کان کنی، گرین انرجی اور خواتین کے کاروبار جیسے ترجیحی شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے طویل مدتی فنانسنگ آپشنز اور تکنیکی معاونت کی سہولت فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
اس معاہدے کے ذریعے سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے آئی بی او آر (KIBOR) پر سبسڈی فراہم کرے گا، جس سے سندھ میں موجود کاروبار کو بڑھانے اور توسیع دینے کے خواہشمند کاروباری اداروں کے لیے سستے اور آسان قرضوں کا حصول ممکن ہوسکے گا۔
اس موقع پر سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے سی ای او خضر پرویز نے زور دے کر کہا کہ “یہ معاہدہ مالی اور تکنیکی معاونت کی پیشکش کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے سندھ حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے زریعے ایس ای ڈی ایف ، حبیب میٹروپولیٹن بینک کے ساتھ مل کر مقامی کاروباری اداروں کو پھلنے پھولنے کا سازگار ماحول مہیا کررہی ہے جس سے بالآخر سندھ کی معاشی خوشحالی میں مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب میں ایچ ایم بی ایل کے صدر اور سی ای او خرم شہزاد خان نے کہا کہ “سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ ہماری شراکت داری پائیدار ترقی کی حمایت اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے کے ہمارے وژن سے مطابقت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی اور مشاورتی تعاون فراہمی سے ہمارا مقصد صوبے کی معیشت کے لیے اہم شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ معاہدہ چھوٹے و درمیانی درجے کے کاروبار کی ترقی اور شراکت داری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک لمیٹڈ اس معاہدے کی کامیابی کو یقینی بنانے اور مقامی کاروباری منظر نامے پر مثبت اثرات پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔