کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات اور اس کے زیر انتظام آنے والے تمام محکموں کے اعلیٰ افسران صبح وقت کی پابندی کرتے ہوئے اپنے دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں جہاں جہاں عام آدمی کا کام پڑتا ہے وہاں اسے سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس وقت بدقسمتی سے سندھ حکومت کا عام عوام میں تاثر اچھا نہیں ہے۔ ہمیں اس کو مثبت تاثر میں بدلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لوکل گورنمنٹ کے افسران کا تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، ڈی جی ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی، ڈی جی سندھ سولڈ ویسٹ امتیاز شاہ، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت علی، ڈی جی ملیر ڈویلپمنٹ نجب سہتو، ایڈیشنل ڈی جی ایس ڈی اے، پی ڈی کلک آصف جان صدیقی، پی ڈی میگا پروجیکٹ سندھ عبدالغنی، ایم ڈی واٹربورڈ کارپوریشن صلاح الدین، ریجنل ڈائریکٹر کراچی لوکل گورنمنٹ انور احمد رک و دیگر افسران شریک تھے۔اجلاس کے آغاز پر ہی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے واضح کیا کہ آج کا یہ تعارفی اجلاس لوکل گورنمنٹ کے ماتحت تمام محکموں کا ہے اور کل سے ایک ایک محکمہ کی علیحدہ علیحدہ بریفنگ لیں گے۔
سعید غنی نے اس موقع پر افسران پر زور دیا کہ تمام افسران صبح وقت کی پابندی کرتے ہوئے اپنے دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ کیونکہ افسران مقررہ وقت پر دفتر پہنچیں گے تو تمام اسٹاف بھی اپنے وقت پر پہنچیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جہاں جہاں عام آدمی کا کام پڑتا ہے وہاں اسے سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ اس وقت بدقسمتی سے سندھ حکومت کا عام عوام میں تاثر اچھا نہیں ہے، ہمیں اس کو مثبت تاثر میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا۔کہ محکمہ بلدیات کے تمام اداروں میں بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر کردیا جائے اور اس سسٹم کو سینٹرلائیز کیا جائے۔
تمام کونسلز کی ماہانہ رپورٹ مرتب کرکے اس کی کاپی مجھے بھی بھیجی جائے ساتھ ہی تمام کونسلز کو خط لکھ کر ان کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی جائیں تاکہ انہیں کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکے۔ سعید غنی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان تمام ٹائونز اور کونسلز کو جہاں جہاں خالی آسامیاں ہیں اور وہاں ان اسامیوں کے تحت ملازمین کو بھیجا گیا ہے ان کو فوری مذکورہ ٹائونز یا کونسلز میں افسران کو جوائینگ دی جائے۔
سعید غنی نے کہا۔کہ تمام یوسیز کو پابند کیا جائے کہ ان کو ملنے والے فنڈز جس مد میں انہیں مل رہے ہیں اسی مد میں وہ استعمال کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، ڈی کلک آصف جان صدیقی، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ، تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈی جی نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے اجلاس میں آگاہی فراہم کی۔