کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہ تجارت کا پیشہ اختیارکرنا عین سنت نبوی ﷺ ہے۔ ہماری زندگی کا مقصد نیک بندوں کی تقلید ہونی چاہیے ، جیسا کہ سورۃ فاتحہ کی ایک آیت میں بھی یہ عظیم الشان پیغام موجود ہے۔سیلانی اور آئی بی اے کا اشتراک عمل سیلانی کے اسپارک اسٹارٹ کورس کے لیے جدت اور ترقی کا امتزاج ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی بی اے سٹی کیمپس میںطلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ تعارفی سیشن سیلانی اور آئی بی اے کے اشتراک سے شروع ہونے والے اسپارک اسٹارٹ کورس کے آغاز کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا ۔سیشن سے چیئرمین سیلانی کے مشیر اور ممتاز تاجر امجد چامڑیہ، سیلانی کے ہیڈ آف کلین واٹر پروجیکٹ سید ابو فیصل اور آئی بی اے کے ڈاکٹر عمران خان نے بھی خطاب کیا ۔مولانا بشیر فاروق قادری نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رزق کے دس حصے ہوتے ہیں جن میں سے 9 حصے تجارت سے حاصل ہوتے ہیں ۔کسی بھی قسم کی کامیابی کے لیے دعا کرنا نہ چھوڑیں ۔سیلانی کا مشن ہے کہ اس ملک میں کوئی بے روزگار نہ رہے، کوئی بھوکا نہ سوئے،کوئی تعلیم کے بغیر نہ رہے اور کوئی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور نہ ہو۔یہ سب مشکل کام ضرور ہیں لیکن ہم بارگاہ الہی میں ہر وقت دعا مانگتے رہتے ہیں کہ وہ ہمیں اس قابل کردے اور اس مقصد کے حصول کے لیے دستیاب وسائل کے مطابق ہماری کوششیں جاری رہتی ہیں۔امجد چامڑیہ نے اپنے خطاب میں کورس میں شریک طلبہ و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی سے خوف نکال دیں،تجارت کو پیشہ بنائیں اور کامیابی کے لیے کسی وسوسے کا شکار نہ ہوں تو پھر کامیابی آپ کا مقدر ہے۔کاروبار ایک مستقل مزاج رویہ کا نام ہے۔کاروبار کے لیے دولت مند ہونا ضروری نہیں ،آپ کا اچھوتا خیال آپ کو بہترین کاروباری شخصیت بناسکتا ہے۔سیلانی کے پلیٹ فارم سے پہلے آپ کو آئی ٹی کی جدید تعلیم دی گئی اور اب آئی بی اے کے اشتراک سے آپ بزنس کرنا سیکھیں گے۔انہوں نے کورس کے آغاز پر سید ابو فیصل اور شاہ زیب پراچہ کی کوششوں کی تعریف کی اور آئی بی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر عمران نے اپنے ٹیکنیکل سیشن میں طلبہ و طالبات کو کاروبار شروع کرنے،باہمی تعلقات بڑھانے اور ایک دوسرے کے کاروبار سے منسلک ہوکر اپنے کاروبار کو بڑھانے کے طریقے سکھائے۔