
کراچی( 14 جنوری 2026 ) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے توسط سے معاشی طور پر کمزور متعدد خاندان مستقل خودکفالت کی طرف گامزن ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سیلانی نے فلاحی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنا روزگار اسکیم کے تحت متعدد مستحق خاندانوں کو ان کا اپنا چھوٹا کاروبار شروع کروادیا۔ اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک سے قبل معاشی طور پر کمزور طبقے کو باعزت روزگار فراہم کرنا اور انہیں مستقل خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔اس سلسلے میں سیلانی سپر ہائی وے لاجسٹک حب میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مالی مشکلات کے باعث مایوسی کی دلدل میں پھنسے ہوئے خاندان ہنسی خوشی سیلانی کو دعائیں دیتے ہوئے رخصت ہوئے۔تقریب میں سیلانی ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ افضل چامڑیہ،ٹرسٹی ابو فیصل ،شعبہ ویلفیئر کے انچارج جاوید قادری ،سیلانی سی ایس آر کے انچارج فرقان اسلم اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی تاج گیسولین کے چیئرمین معروف بزنس مین اسلم شیخ نے سیلانی اپنا روزگار اسکیم سے مستفید ہونے والے افراد کو تلقین کی کہ وہ خوب محنت کرکے اپنے اس چھوٹے کاروبار کو پھیلانے کی بھرپور کوشش کریں تاکہ آپ لوگ کسی اور کمزور خاندان کا سہارا بن سکیں۔انہوں نے سیلانی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج مکمل چھان بین کے بعد اصل ضرورت مندوں تک مدد پہنچنے پر وہ بہت مطمئن ہیں ۔ سیلانی ویلفیئر کی جانب سے مستحقین کو اپنا روزگار کے مواقع فراہم کرنا غربت کے خاتمے کا مؤثر اور پائیدار حل ہے، اور سیلانی اس میدان میں عملی مثال بن چکا ہے۔سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروقی نے اسلم شیخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی کے نظام کے تحت ان کی مدد کے بعد اس روزگار اسکیم کی مکمل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ ان کا کاروبار چلتا رہے۔اب یہ تمام خاندان سیلانی کے نیٹ ورک کا حصہ ہیںاور ان کے دکھ درد سیلانی کا دکھ درد ہیں۔ سیلانی ویلفیئر کا وژن صرف امداد تک محدود نہیں بلکہ لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ان چھوٹے کاروباروں کا آغاز اس لیے کیا گیا ہے تاکہ مستحق خاندان باعزت طریقے سے اپنی روزی کما سکیں اور اپنے اہلِ خانہ کی بہتر کفالت کر سکیں۔واضح رہے کہ اپنا روزگار اسکیم کے تحت بریانی اسٹالز، جوکی مشینیں ،برگر شاپ،پاپ کارن، فروٹ ، کنفکشنری کے کے ٹھیلے اور خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں ۔




