کراچی(اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی ہدایت پرضلع وسطی میں گھر گھر، اسکولز،کالجز، دکانوں، ہوٹلوں پر سوشل موبیلائزرکی ٹیمیں آگاہی فراہم کررہی ہیں صفائی ستھرائی سے متعلق مکمل آگاہی کے لئے لائحہ عمل تیار کیاگیا ہے،تفصیلات کے مطابق گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے اقدامات تیز کئے جارہے ہیں اسی سلسلے میں لوگوں میں آگاہی اور تعاون کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صفائی ایک مستقل عمل ہے اوریہ کسی ایک فرد یا ایک ادارے کا کام نہیں ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے کچراکھلی جگہ پھینکنے کے بجائے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے کو دیں یا ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ڈسٹ بن میں رکھیں۔ آگاہی مہم کے دوران ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ٹیم اور نجی کمپنی کی ٹیم نے گھروں،اسکولز، کالجز، دکانوں، ریسٹورنٹ، ہوٹل میں پمفلیٹ کے ذریعے، اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے آگاہی پیغامات لوگوں تک پہنچائے، اس کے علاوہ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی معلومات فراہم کرنے اور اور ہیلپ لائن کی معلومات کے لئے گھروں پر پیلے اسٹیکر بھی لگائے جارہے ہیں۔