کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر و مرکزی رہنما جی ڈی اے سید زین شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کر غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
سید زین شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پرشدید رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کیساتھ سراسر ظلم اور بربریت ہے۔
کرپٹ حکمرانوں سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے اور ان کا سخت احتساب کرنے کے بجائے عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کے کندھوں پر مزید بوجھ لاد دیا گیا ہے، ملک میں غریب اور متوسط طبقہ مزید منہگائی سے بے حد پریشان ہے۔
سید زین شاہ نے کہا کہ آئے روز بجلی،گیس،پیٹرولیم مصنوعات، آٹا،چینی سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے لوگوں کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔