شہر میں نصب غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر لی گئی
ڈپٹی کمشنرز ترجیحی اقدامات کر کے فوری کارروائی شروع کریں گے
ڈپٹی کمشنرز کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں بنائیں گے اجلاس میں فیصلہ
کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد ۔
کراچی۔ (اسٹاف رپورٹر ): کراچی انتظامیہ نے شہر میں غیر قانونی و غیر محفوظ بل بورڈز ہٹانے کی کارروائی فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے شہر میں نصب فوری کارروائی کرکے ہٹانے کے مطلوب غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر لی گئ اور کارروائی کے لیے ان کی فہرست ڈپٹی کمشنرز کو دیدی گئی ہے۔ کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ان کے دفتر میں یہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیمازی جنید خان اور دیگر ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اپنے اپنے ضلع میں غیر قانونی نصب بل بورڈز اور ہورڈنگز کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ترجیحی اقدامات کے ذریعے ایس بی سی اے ٹاون ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کریں گے۔ کمشنر نے کہا کہ بل بورڈز کی وجہ سے ہو نے والے حادثات اور حکومت کی پالیسی کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لئے ترجیحی اقدامات کر نے کی ضرورت ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز کمشنر کراچی رابعہ سید نے اجلاس میں شہر میں غر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کے سروے کی رپورٹ پیش کی۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے وہ غیر قانونی اور غیر محفوظ بل بورڈز ہٹانے کے لئے ترجیحی اقدامات کر کے فوری کارروائی کریں
تفصیلات کےمطابق ضلع جنوبی اور شرقی میں فوری اقدامات کے تحت ہٹانے کے مطلوب بیس بیس (20-20)بل بورڈز شناخت کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر وسطی میں نو (9) کورنگی میں چھ(6)بل بورڈز فوری اقدامات کے ذریعے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کے لیے مطلوب بل بورڈز کی فہرست فراہم کی گئی ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں بل بورڈز ہٹانے کےلئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دیں گے اور فوری طور پر کارروائی شروع کردیں گے۔بل بورڈ ہٹانے کے لئے قائم خصوصی ٹیم میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی اور ٹاون ایڈمنسٹریشن سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔