کراچی (اسٹاف رپورٹر) دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں جامعاتُ المدینہ کے طلبہ کیلئے افتتاحِ بخاری شریف کی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں نگران شوریٰ، اراکین شوریٰ،مفتیان کرام، جامعۃ المدینہ کے ناظمین، اساتذہ کرام سمیت دورہ حدیث کے طلباء و دیگر عاشقان رسول شریک ہوئے، اجتماع سے امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ نے دورہ حدیث کے طلباء کرام کو مبارکباد دی اور بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھ کر سنائی۔ تقریب میں موجود پانچ ہزار سے زائد طلبہ کو بخاری شریف کا افتتاحی درس دیتے ہوئے امیرِ اہلِ سنّت علامہ محمد الیاس عطّارقادری دامت برکاتم العالیہ نے کہا کہ علم کا سیکھنا سکھانا خوش نصیبوں کاوظیفہ ہے، یہ ایساپاکیزہ عمل ہے جس سے بڑھ کر سعادت نہیں، یہی انبیاعلیہم السَّلام کی میراث ہے، امیرِ اہلِ سنت نے بخاری شریف کی پہلی روایت پر طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے اپنے قلب و قالب کی صفائی اور نیک و جائز کاموں سے قبل اچھی نیتیں کرنے پر زوردیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر اہل سنت نے کہا کہ بخاری شریف احادیث مبارکہ کی مشہور کتا ب ہے،سند کے اعتبار سے قرآن کریم کے بعد اس کا درجہ ہے، انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں علم ادب کے بغیر فائدہ نہیں دیتا،ادب زیادہ ہو اور علم قلیل ہو تو بھی فائدہ دیتا ہے،اسکول وکالج وغیرہ میں علم حاصل کرنے والے طلباء علم دین اور ادب کے اصولوں کو بھی اپنا مقصد بنائیں اور جو علم دین کے حصول میں مشغول ہیں انہیں اپنے اخلاق وکردار کو اچھابنانے کی اشد ضرورت ہے، اللہ پاک ہمیں شریعت کے آداب کا خیال کرنے والا باادب مسلمان بنائے۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ جنت نور مصطفی ﷺ سے بنی ہے اور جنت کو ہمارے آقا ﷺ سے ایسی ہی محبت ہے جیسے بچے کو اپنے والد سے ہوتی ہے،جب جنت حضور ﷺ کا ذکر خیر سنتی ہے،یعنی درود پاک سنتی ہے تو اس میں پھرتی آجاتی ہے اور وہ اڑ کر حضور پر نور ﷺ کی بارگاہ میں آنا چاہتی ہے،کیونکہ اسے حضور ﷺ سے سیرابی حاصل ہوتی ہے۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ عالم کا مقابلہ نہیں،لہٰذا طلباء کرام علم حاصل کرنے اور علم دین سیکھانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔