کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایکسپو سینٹر میں پانچ روزہ عالمی کتب میلےکا افتتاح کر دیا۔ کتب میلے کی افتتاحی تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ ,میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب،صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، سابق وزیر اطلاعات اور صدر آرٹس کونسل آف پاکستان احمد شاہ، سید احسان نقوی کمشنر کراچی،پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد ،کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کے کنوینئر وقار متین ، ڈپٹی کنوینر نا صر حسین، ندیم مظہر، ایم۔ اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، کامران نورانی، اور سلیم عبدالحسین،سعد بن عزیزاور اصغر زیدی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ وادی سندھ نے دینا کو علم دیا، ہمارا اساس ہمیں واپس کرنا ہے، کوشش کرینگے کہ سکھر حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بھی اس کتب میلے کو لیکر جائیں گے۔ ارٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے کہا کہ ہم نے اس شہر سے نفرت ختم کرنا ہے،ہم نے کتابوں زبان اور تمام لوگوں کے ثقافت کو اجاگر کیا،اپنے شہر اپنے صوبے اپنے ملک کو بہتر کرنا ہے،ہمارا فوکس تعلیم کتاب ہونی چاہیں۔ افتتاحی تقریب کے آخر میں کنوینئر وقار متین نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تجویز پیش کی کہ کراچی انٹر نیشنل بک فیئر کی انتظامیہ حکومت سندھ کے تعاون سے پبلک پارک میں لائبریری قائم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ جس پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گردن ہلا کر رضامندی کا اظہار بھی کیا۔
،پبلشرز کی جانب سے کتابوں پر 30فیصد سے 70فیصد تک رعایت دی جارہی ہے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری انیسویں کراچی بین الاقوامی کتب میلے کے پہلے روز صبح سے ہی طلبہ و طالبات اور شائقین کتب بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ طلبہ و طالبات نے نصابی اور درسی کتب کے علاوہ تاریخی کتب میں گہری دلچسپی لی۔