

کراچی، 10جنوری 26: پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع مشق کے ذریعے ،بحری جنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق، روایتی اور خودکار پلیٹ فارمز کی حربی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس مشق کے دوران ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل LY-80(N) کی کامیاب فائرنگ کی گئی، جس سے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام کی طویل فاصلے تک دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کی تصدیق ہوئی۔ LY-80(N)میزائل نے کامیابی سے فضائی ہدف کو نشانہ بنایا جوپاک بحریہ کی مضبوط فضائی دفاعی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
مشق کے دوران لوئٹرنگ میونیشنز کے ذریعے سطحِ سمندر پر موجود اہداف کو بھی کامیابی سے ٹارگٹ کیاگیا جس سے پاک بحریہ کی اہداف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت اور جدید بحری جنگ میں لوئٹرنگ میونیشنزکی افادیت ثابت ہوئی۔ علاوہ ازیں کھلے سمندر میں خود کاربحری جہاز کے کامیاب آپریشنزکاتجربہ بھی کیا گیا، جو خودکار بحری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان تجربات کے ذریعے اس پلیٹ فارم کی اہم مشنز میں موثر اور تیز رفتار کارکردگی کی تصدیق کے علاوہ مینوریبلٹی، درست نیویگیشن اورہر طرح کےموسمی حالات میں آپریشن کی صلاحیت کی بھی توثیق ہوئی۔ خودکار ویسلز خفیہ کاروائی کے لیے کم خطرے کے ساتھ موثر ترین حل ہیں۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل عبدالمُنِیب نے اس مشق کا مشاہدہ کیا، جس میں پاک بحریہ کے جدید سسٹمز کے مؤثر استعمال کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔




