اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر): پاک بحریہ کے حال ہی میں کمشن ہونے والے جہاز حنین نے رومانیہ سے پاکستان کی طرف اپنے سفر کے دوران ترکیہ کا دورہ کیا اور ترک کوسٹ گارڈ کے جہاز گیلیبولو (GELIBOLU) کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق TURGUTREIS میں شرکت کی۔ مشق کے دوران مختلف مشترکہ آپریشنز کیے گئے جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔
قبل ازیں، پی این ایس حنین نے گلوچک(Golcuk)اور اکساز (Aksaz)میں ترک بحری بندرگاہوں کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے اور ترک بحریہ کے اعلی حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔گلوچک (Golcuk)میں قیام کے دوران پی این ایس حنین کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر وائس ایڈمرل قادر یلدز (Vice Admiral Kadir Yildiz) اور گلوچک(Golcuk) نیول بیس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی ٹونا بیسال (Rear Admiral Ali Tuna Baysal) سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دونوں بحری افواج کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بندرگاہ اکساز میں قیام کے دوران ترک بحریہ کے کمانڈر سیکنڈ ڈسٹرائر سکواڈرن کموڈور کیپٹن چنک ٹاسلی (Commodore Captain Cenk TASLI) نے ٹی سی جی گیلیبولو کے کمانڈنگ آفیسر کے ساتھ جہاز کا دورہ کیا اور خطے اور اس سے باہر سمندر میں بہتر نظم و نسق برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس حنین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔