
08 دسمبر 2026
پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے پروازوں میں ںبتدریج اضافہ، لاہور سے لندن کی پہلی پرواز 30 مارچ کو روانہ ہو گی ۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ مانچسٹر پروازوں کی بحالی کے بعد 29 مارچ سے اسلام آباد سے لندن اور 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے براہ راست پرواز شروع کی جارہی ہے۔ یہ پروازیں پاکستانیوں اور برطانیہ میں مقیم افراد کی درینہ خواہش اور مانگ کو مد نظر رکھتے ہوۓ شروع کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور سے پہلی پرواز پی کے 757، 30 مارچ کو لاہور سے لندن روانہ ہو گی جوکہ لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 پر لینڈ کرے گی۔
اسلام آباد اور لاہور سے لندن پروازوں پر مسافروں نے بکنگ کرانا شروع کر دی ہے۔ پی آئی اے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں تین پروازیں اور لاہور سے لندن کے لیے ہفتے میں ایک پرواز چلائے گی جبکہ ڈیمانڈ کے مطابق لندن اور دیگر شہروں کے لئے بھی بتدریج پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے ماضی میں برطانیہ کے لیے ہفتہ وار 22 سے زائد پروازیں چلا رہی تھی۔




