کراچی ( پ ر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کی جانب سے نمائش چورنگی پر واقع بچت بازار کا دورہ کیا ، گورنر سندھ نے مستحقین میں راشن بیگز بھی تقسیم کئے۔ گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مولانا بشیر فاروقی صاحب کی دعوت پر آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نہ صرف بچوں کو ہنر مند بنا رہا ہے، بلکہ ضرورت مندوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے انتھک کام بھی کررہا ہے، انسانیت کی خدمت کے لئے جو بھی کام کرتا ہے وہ اللہ کی رضا کی خاطر کرتا ہے، ٹرسٹ کی جانب سے معاشی بحران میں اس طرح کے اقدامات قابل تحسین ہیں، سیلانی کا بڑا کارنامہ ہے کہ سفید پوش لوگ بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ان مشکل حالات میں یہ بچت بازار قابل تقلید ہے، ان حالات میں یہ بڑا اہم قدم ہے، سندھ گورنمنٹ کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خوددار قوم بننا ہے تو آئی ٹی کو پکڑ نا ہوگا، گورنر ہاؤس میں بچے آئی ٹی کی مفت تعلیم لے رہے ہیں، اور یہ آئی ٹی کلاسز روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سیلانی کے ساتھ مل کر 6 مہینوں میں سندھ کے شہروں میں آئی ٹی کلاسز کا آغاز کریں گے، اس کے علاوہ کراچی میں نجی شعبوں کے تعاون سے سو منزلہ عمارتیں تعمیر کریں گے۔دریں اثناء سیلانی ویلفیئر انرنیشنل ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروقی نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تعلیم کے ہر میدان میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔اس موقع پر سیلانی کے بورڈ ممبر عارف لاکھانی ،ایڈوائزر افضل چامڑیہ، سی او او محمد غزال اور دیگر شعبہ جاتی انچارجز بھی موجود تھے۔