نوبیاہتا جوڑے نے سادگی سے شادی کر کے توجہ سمیٹ لی۔
آپ نے اب تک منفرد یادگار مقامات پر شادی کرنے کے بارے میں تو سنا ہوگا لیکن اس مرتبہ چلتی ٹرین میں منعقد ہونے والی شادی سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں بھارتی جوڑے کو ہندو مذہب کے مطالق چلتی ٹرین میں مسافروں کی موجودگی میں شادی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی یہ انوکھی تقریب آسنسول سے جسیدیہ جاتے ہوئے چلتی ٹرین میں اچانک منعقد ہوئی۔
وائرل ویڈیو میں جوڑے کو ایک دوسرے کے گلے میں پھولوں کے ہار (ورمالا) پہناتے، دولہا کو دلہن کے گلے میں منگل سوتر باندھتے اور دلہن کو دولہا کے پیر چھوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
چلتی ٹرین میں ہونے والی اس منفرد شادی کی تقریب میں شریک دیگر مسافروں نے جوڑے کو مبارک باد بھی دی۔
گزشتہ ہفتے سے اس ویڈیو کو اب تک 3.5 ملین بار دیکھا جبکہ 76 ہزار سے زائد بار پسند کیا جاچکا ہے۔