کراچی(بیورو رپورٹ)پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت 18واں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر2023 کراچی ایکسپو سینٹر میںجمعرات 14دسمبر سے شروع ہو رہا ہے پانچ روزہ کتب میلہ پیر 18دسمبر تک جاری رہے گا ، عالمی کتب میلے میں پاکستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں ،نمائش میں 330 سے زائد اسٹال لگائے جائیںگے پاکستان بھر سے نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگا رہے ہیں نمائش میں انتہائی کم قیمت میں کتابیں دستیاب ہوں گی ۔ نمائش میں اس سال چار لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے ۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر ہوں گے جبکہ مہمان اعزازی نگران صوبائی وزیربرائے ِ اطلاعات ، سماجی امور تحفظ اور صدر آرٹس کانسل محمد احمد شاہ ہوں گے۔ اس عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 14دسمبر 2023کو ہوگی۔پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیر خالد اورکنوینر کے۔ آئی۔ بی۔ ایف وقار متین نے پیر کے روز مقامی ہوٹل میں ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو اس عالمی میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔