کراچی (رپورٹ: عابد حسین) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نیلم کالونی کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ ڈالا۔ گورنر سندھ نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے، عوام پر امن ماحول میں اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں ووٹنگ کا عمل اطمینان بخش ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کی بھی پاکستان میں ہونے والے انتخابی عمل پر نظر ہے، انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام رہائشی اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں، بزرگوں،خواتین اور نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ ووٹ سوچ سمجھ کے صحیح امیدواروں کو ڈالیں، کیونکہ ہمارے اگلے 5 سال کا دارومدار ان انتخابات کے نتائج پر ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے موبائل سروس دہشت گردی کے واقعات کے بعد بند کی گئی ہے، ایسے ممکنہ واقعات کو روکنے کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، کراچی میں بھی گذشتہ روز ہم بڑے نقصان سے بچ گئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک دشمن آج کے دن پر نظر لگا کر بیٹھے ہیں، انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کہیں کہیں بحال ہونا شروع ہوگیا ، امن و امان قائم کرنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی خدمات قابل ستائش ہیں ، گورنر سندھ نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت اور تنظیم کو کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے، حالات خراب کرنے میں ملوث کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔