کراچی(رپورٹ:نادر خان) ایف آئی اے امیگریشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات عملے نے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہچانے میں ملوث معروف بلڈر آصف رزاق دینار کو حراست میں لے کر ایف بی آر کارپوریٹ ٹیکس آفس (سی ٹی او) حکام کے حوالے کردیا ہے۔
ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو اور سی ٹی او میں ملزم کے خلاف مجموعی طور پر 5 مقدمات درج ہیں جس میں چار مقدمات میں ملزم نے ضمانت حاصل کر رکھی تھی جب کہ سی ٹی او کے مقدمے میں ملزم مفرور تھا اور اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں بھی شامل تھا۔
جمعہ کو آصف رزاق دینار دبئی سے کراچی پہنچا اور امیگریشن حکام نے اسٹاپ لسٹ میں نام ہونے کے سبب ملزم کو روک کر سی ٹی او حکام کو آگاہ کیا جہاں سے سی ٹی او کی ٹیم ملزم کو اپنے ہمراہ لے گئی اور کسٹم اسپیشل کورٹ میں ملزم کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے_
واضح رہے کہ آصف رزاق دینار سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والا کراچی کے اہم بلڈرز میں شمار ہوتا ہے جب کہ حب بلوچستان میں اسٹیل اسکریپ کی کمپنی کا مالک بھی ہے اور ملزم ایف بی آر ان لینڈ ریونیو کے جعلی کمپنیوں کے زریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان پہچانے والے مقدمات میں بھی مرکزی کردار ہے ۔
یاد رہے کہ ملزم گزشتہ برس بیرون ملک چلا گیا تھا اب اس کی وطن واپسی کسی ڈیل کا نتیجہ ہے یا ایف بی آر حکام ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے سے یہ رقم وصول کر پائیں گے یہ آنے والے دنوں میں بات واضح ہوگی۔