کراچی۔۔۔۔
دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) نے کہا ہےکہ یونیورسٹی کے تمام ملازمین ایک گلدستے کے مانند ہیں ، محنت لگن اور مستقل مزاجی سے کام کرنے والے ملازمین میرا قیمتی سرمایہ ہیں، غیر تدریسی عملے کے بغیر کسی بھی جامعہ میں کوئی کام انجام نہیں دیئے جاسکتے، یونیورسٹی کے تمام ملازمین نے ہمیشہ اپنے ادارے کی بہتری کے لئے جو کام سرانجام دئیے اس کے باعث ادارے کے وقار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز انتظامی افسران اور اسٹاف کیلئے پہلے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نےاعلان کیا کہ اب ہر سال انتظامی افسران اور عملے کیلئے عشائیے کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس موقع پر حال ہی جامعہ سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کی خدمات کےاعتراف میں اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ وائس چانسلر نےمزیدکہا کہ ادارے کیلئے اپنی زندگی کے کئی سال دینے والے ملازمین کو عزت دینا ضروری ہے ، ان کی خدمت کے اعتراف میں اس تقریب کے دوران عزت افزائی سے دیگر ملازمین کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔ عشائیے کے دوران محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ملازمین نے رقص کیا ۔ عشائیے میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز صدام علی کھچی، کنٹرولر ڈاکٹر راشد مصطفیٰ کورائی سمیت ڈائریکٹرز اور دیگر نے بھرپور شرکت کی۔