سیلانی کے تحت خشک اور تیار خوراک کے علاوہ ادویات پر مشتمل ایک اور کھیپ فلسطین کے لیے روانہ
کراچی( 22 اپریل 2024 )
سیلانی کے تحت خشک اور تیار خوراک کے علاوہ ادویات پر مشتمل ایک اور کھیپ فلسطین کے لیے روانہ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے غزہ کے متاثرین جنگ کے لیے خشک خوراک ،ادویات اور دیگر اشیاء کی تیسری کھیپ چائنا پورٹ کراچی سے فلسطین کے لیے روانہ کردی گئی جو مصر کے راستے پہنچائی جائے گی۔بندرگاہ پر سیلانی ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مفتی مدنی رضا ،ممبر منیجنگ کمیٹی منور یونس ،
ایڈمنسٹریٹر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ وزیر رضا کے علاوہ روٹری ڈسٹرکٹ 3271 کے زمہ داران بھی موجود تھے۔ کنٹینرز میں خشک خوراک ،بسکٹس ،ادویات اور خواتین کے لیے تیار خوراک کے خصوصی پیکٹس شامل ہیں۔اس مرتبہ خوراک بھیجنے کے لیے سیلانی کو روٹری کلب اور بسکٹ کمپنی کا تعاون بھی حاصل رہا ہے۔کراچی سے بھیجی جانے والی کھیپ کے تمام تر انتظامات این ڈی ایم اے نے کیے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی اور ترکیہ کے شہر استنبول سے 4 کھیپ روانہ کی جاچکی ہیں۔ استنبول سے تیسری کھیپ پیکنگ کے مراحل میں ہے جو آئندہ چند روز میں فلسطین روانہ کردی جائے گی۔ اب تک سیلانی کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں کے لیے ترکیہ اور پاکستان سے روانہ کیے جانے والے سامان کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد ہوچکی ہے۔اس سے قبل 6 کروڑ روپے مالیت والی امدادی اشیاء کی ایک کھیپ بھیجی گئی تھی جن میں تیار خوراک کے علاوہ کمبل،ٹینٹ،خیمے،گرم کپڑے وغیرہ شامل تھے۔