کراچی (23 اپریل)
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کوڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ صدر مملکت اسلامی جمہوریہ ایران کو انہیں اعزازی ڈگری دینے پر جامعہ کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ جامعہ کراچی کے لئے اعزاز کی بات ہے، کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، میری کوشش اور خواہش یہ ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان ایک مثالی تعلق ہو، اسی لئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں، میں ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کرکے وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات بھی کرچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان خصوصاً اس کے معاشی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری کریں، اس کے ساتھ ساتھ میری خواہش ہے کہ وہ ایس آئی ایف سی کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں جوکہ سرمایہ کاروں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی سفیر اور قونصل جنرل جس طرح سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ، وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے لئے مزید موثر پالیسی بنائی جائے، جس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ مل سکے، دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری باہمی معیشت کے لئے انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران ہمسایہ ممالک ہونے کے باعث مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اس ضمن میں باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں قریبی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے وسائل کو استعمال کرکے اپنی معیشت کو بہتر کرنا ہوگا،ہماری معیشت بہتر ہوگی تو عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا،میری دعا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی پختگی میں مزید اضافہ ہو۔اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا ائیر پورٹ پر استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزراءعذرا پیچوہو،شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ،صوبائی وزراءسعید غنی ، علی حسن زرداری اور سردار شاہ بھی موجود تھے۔بعد ازاںگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ ابراہیم رئیسی نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی ۔مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہمراہ مزار قائد سے وزیر اعلی ہاو¿س روانہ ہوئے ۔