کراچی (پاک نیوز24)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے پیرکو شعبہ ٹرانسپورٹ جامعہ کراچی کا حصہ بننے والی گاڑیوں جس میں پوائنٹ (بس)،کوسٹر،سیکیورٹی موبائل اور فائر انجن شامل ہیں کا افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ گاڑیاں سابق ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سیف الرحمن کے تعاون سے کے ایم سی کی جانب سے جامعہ کراچی کو کُل10 بسیں (پوائنٹس)،موبائل وینز،ایک کوسٹر،ایک ایمبولینس اور ایک فائرانجن فراہم کی گئی تھی ان میں سے پہلی کھیپ کی مرمت اور تزئین وآرائش کے بعد انہیں شعبہ ٹرانسپورٹ کا باقاعدہ حصہ بنادیاگیاہے اور ان تمام گاڑیوں کی مرمت اور تزئین وآرائش جامعہ نے خود اپنے وسائل سے کی ہے۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے شعبہ ٹرانسپورٹ نے ان گاڑیوں کی تھوڑی بہت مرمت اور تزئین وآرائش کرکے انہیں قابل استعمال بنادیاہے جولائق تحسین ہے، جامعہ کے نامساعد مالی حالات میں ان گاڑیوں کا ملنا کسی نعمت سے کم نہیں۔