کراچی(اسٹاف رپورٹ) عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے تحت یومِ آزادی کے موقع پر تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے شیخ زاید آڈیٹوریم میں جشنِ آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب سے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی سیکریٹری ڈاکٹر درِ ناز جمال، رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان،جامعہ کراچی کے مائیکرو بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین پروفسیر ڈاکٹر عبد الوہاب،ڈاکٹر بدر سمیع،معروف اداکار ایاز خان، اسپورٹس جرنلسٹ ماجد بھٹی،المصطفیٰ تھیلے سیمیا سینٹر کے سرفراز عطاری، ہیلپ انٹرنیشنل تھیلے سیمیا سینٹر کے عارف علی،سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈاکٹر سرور علی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شاہانہ کوکب،ایولن ایبروجینا،ڈاکٹر راحت حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے صدر اور معروف ماہرِ امراضِ خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے خطبہء استقبالیہ دیا۔
تقریب میں مختلف تھیلے سیمیا سینٹرز کے بچوں،ان کے والدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درِ ناز جمال کا کہنا تھا کہ تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے منعقد کی جانے والی آج کی یہ تقریب قابلِ قدر اور قابل تعریف ہے ،آج کی تقریب میں بچوں نے اپنی جس صلاحیت کا اظہار کیا ہے اس کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ تھیلے سیمیا کے بچے بھی صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی تھیلے سیمیا کے بچوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے،ہم مختلف تھیلے سیمیا سینٹرز کے ساتھ مل کر بچوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کے لیے کوشش کر رہے ہیں ،سندھ وہ واحد صوبہ ہے جو حتی المقدور تھیلے سیمیا سینٹر ز کو سپورٹ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔فاروق فرحان نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد اور ادارے ہم سب کا فخر ہیں،عمیرثناء فاؤنڈیشن تھیلے سیمیا کے خاتمے کی جو جدوجہد کر رہی ہے اس میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن گزشتہ 20 سال سے تھیلے سیمیا کے بچوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہے ہم ہر اہم تہوار پر ان بچوں کو صحت مندانہ سرگرمی کی فراہمی کے لیے اس نوع کی تقریبات کا انعقاد کرتے رہتے ہیں، ہماری اس جدوجہد میں جن جن افراد اور اداروں نے ہمارا ساتھ دیا ہے اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔